بھٹکل 18/اپریل (ایس او نیوز) پیرکوکانگریس اُمیدوار منکال وئیدیا کے روڈ شو کے بعد آج منگل کو بی جے پی اُمیدواراور بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک نے اپنے کارکنان اور حامیوں کے ساتھ روڈ شو کرتے ہوئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا اورمنی ودھان سودھا پہنچ کر الیکشن آفسر کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا کی طرح سنیل نائک نے بھی ہنومنتا مندرمیں پوجا پاٹ کے بعد ہزاروں کارکنوں کے ساتھ روڈ شو کیا اور پھول بازار سے مین روڈ، ماری کٹہ ، اولڈ بس اسٹائنڈ ہوتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کے دفترپہنچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر کوٹا شری نواس پجاری اور سابق وزیر پرمود مدھوراج بھی موجود تھے۔
آخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل نائک نے بتایا کہ آج کی بی جے پی ریلی میں اتنی بڑی تعداد میں کارکنوں اور عوام نے حصہ لیا اور جس جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، اس سے میری جیت پکی ہوگئی ہے، سنیل نائک نے بتایا کہ اِس بار مجھے پوری اُمید ہے کہ اِس بار کے انتخابات میں مجھے گذشتہ انتخابات میں ملی ہوئی کامیابی سے بھی زیادہ بڑی کامیابی ملے گی۔ سنیل نائک نے بھی بھٹکل کے نوجوانوں اور خواتین کی بے روزگاری دور کرنے کی کوشش کرنے کا یقین دلایا، اسی کے ساتھ پینے کے پانی کے پروجکٹ کو جلد سے جلد مکمل کرنے کا تیقن دیا۔
پیر کو منکال وئیدیا میں جس طرح کثیر تعداد میں لوگوں نے کانگریس کے روڈ شو میں حصہ لیا تھا، آج کے بی جے پی روڈ شو میں اُس سے بھی زیادہ لوگوں نے حصہ لیا۔
کل بدھ کو جے ڈی ایس اُمیدوار ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔